Time 08 ستمبر ، 2024
کھیل

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ: امپائرز نے انگلش فاسٹ بولر ووکس کو اچانک اسپن بولنگ کرنے کو کیوں کہا؟

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ: امپائرز نے انگلش فاسٹ بولر ووکس کو اچانک اسپن بولنگ کرنے کو کیوں کہا؟
فوٹو: انگلش میڈیا

سری  لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انگلش فاسٹ بولر کرس ووکس کو اچانک اپنے اوور میں اسپن بولنگ کرانا پڑ گئی۔

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ اوول کے میدان پر جاری ہے جہاں 2 دن کا کھیل مکمل ہوگیا ہے۔

انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 325 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

تاہم جب دوسرے دن سری لنکن ٹیم بیٹنگ کرنے میدان میں آئی تو اس کی اننگز کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب امپائرز نے انگلینڈ کے فاسٹ بولر کرس ووکس کو اچانک اوور کے درمیان اسپن بولنگ کرنے کا کہہ دیا۔

سری لنکا کی اننگز کے ساتویں اوور میں کرس ووکس بولنگ کروانے آئے، انہوں نے اپنے اوور کی 2 گیندیں روایتی انداز میں بھاگ کر ہی کروائیں لیکن پھر اچانک آن فیلڈ امپائرز جوئل ولسن اور کرس گیفانی نے ووکس کو روکا اور انہیں اسپن بولنگ کرنے کا کہا۔

جس کے بعد کرس ووکس نے اپنے اوور کی باقی 4 گیندیں اسپن کروائیں، انگلش فاسٹ بولر کو اسپن کرواتا دیکھ کر ساتھی کرکٹر ہنستے دکھائی دیے۔  

ووکس کو امپائرز نے اچانک اسپن بولنگ کرنے کو کیوں کہا؟

سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ: امپائرز نے انگلش فاسٹ بولر ووکس کو اچانک اسپن بولنگ کرنے کو کیوں کہا؟
فوٹو: اسکرین گریب

دراصل ہوا کچھ یوں کہ سری لنکن اننگز کے دوران آسمان پر اچانک کالے بادل چھاگئے اور میدان میں اندھیرا ہونے لگا، روشنی اتنی کم ہوگئی تھی کہ فاسٹ بولنگ کروانا کھیل کے لیے  بہتر نہیں تھا،اس لیے امپائرز نے اوور کے درمیان ووکس کو روکا اور باقی گیندیں اسپن کروانے کا کہا۔

جیسے ہی کرس ووکس کا اوور ختم ہوا، آسمان سے کالے بادل بھی چھٹ گئے جس کے بعد اگلا اوور فاسٹ بولر اٹکنسن نے ہی کروایا۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے انگلینڈ کے 325 رنز کے جواب میں دوسرے دن کاکھیل ختم ہونے تک 5 وکٹوں پر 211 رنز بنالیے ہیں۔

انگلش ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔    

مزید خبریں :