Time 08 ستمبر ، 2024
دنیا

بھارت: ڈاکٹر کا آپریشن کرنے کیلئے یوٹیوب ویڈیو پر انحصار بچےکی جان لے گیا

بھارت: ڈاکٹر کا آپریشن کرنے کیلئے یوٹیوب ویڈیو پر انحصار بچےکی جان لے گیا
بچے کو صرف الٹیاں آرہی تھی اور ہم چاہتے تھے وہ رک جائیں مگر ڈاکٹر نے زبردستی آپریشن شروع کردیا، فیملی/ فائل فوٹو 

بھارت میں ایک بچہ اس وقت ہلاک ہوگیا جب ایک مبینہ جعلی ڈاکٹر نے یوٹیوب ویڈیو کی مدد سے زبردستی بچے کا آپریشن کیا۔ 

بھارتی میڈیا کی خبر کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست بہار کے شہر ساران میں پیش آیا جہاں ایک 15 سالہ بچے کو الٹیاں (Vomiting) آنے پر گنپتی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر اجیت کمار نے بچے کے گھر والوں کو بتائے بغیر اس کے پتے کا آپریشن کر دیا۔ 

خبر کے مطابق بچے کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اسے صرف الٹیاں آرہی تھی اور ہم چاہتے تھے وہ رک جائیں اور اسی لیے بچے کو ایک قریبی اسپتال لائے تھے مگر وہاں کے ڈاکٹر نے کہا اس کا آپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔ 

بچے کے گھر والوں نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر نے ہمیں آگاہ کیے بغیر اس کا آپریشن شروع کر دیا اور اس دوران ڈاکٹر نے  فون پر ویڈیوز دیکھتے ہوئے ان ویڈیوز کی مدد سے آپریشن مکمل کیا مگر آپریشن کے بعد بچے کی طبیعت بگڑ گئی۔ 

خبر کے مطابق بعدازاں بعد ڈاکٹر نے ایک ایمولینس کا انتظام کیا اور اہلخانہ کو لیکر ریاستی دارالخلانہ پٹنہ روانہ ہوئے مگر راستے میں ہی بچے کا انتقال ہوگیا جس کے بعد بچے کی لاش کو اسپتال چھوڑ جانے کے بعد ڈاکٹر اجیت کمار اور دیگر عملہ فرار ہوگئے۔ 

بچے کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ انہیں شک ہے ڈاکٹر کے پاس تعلیمی قابلیت نہیں اور وہ جعلی ڈاکٹر بن کر لوگوں کی زندگیاں خراب کر رہا ہے جبکہ پولیس نے بھی واقعے سے متعلق مقدمہ درج کرلیا ہے۔ 

مزید خبریں :