09 ستمبر ، 2024
اسلام آباد: رواں مالی سال پاور سیکٹر کا گردشی قرض مزید 100 ارب روپے بڑھے گا۔
ذرائع کے مطابق گردشی قرض میں اضافے کا پلان آئی ایم ایف کے ساتھ بھی شیئر کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق جون 2025 تک بجلی کے شعبے کا گردشی قرض 2550 روپے سے تجاوز کر جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر کا گردشی قرض 2400 ارب روپے سے بڑھ چکا ہے اور اس حوالے سے آئی ایم ایف سے بات چیت کے دوران عالمی مالیاتی ادارے نے پاورسیکٹر کا گردشی قرض کنٹرول نہ ہونے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف کو پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ کنٹرول کرنے کیلئے ٹیرف ایڈجسٹمنٹس بروقت کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ 2500 ارب روپے سے تجاوز نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بھی آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر پلان کے مطابق گردشی قرضہ کنٹرول نہیں ہوا تھا، گزشتہ مالی سال کی شرائط کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرض 2310 ارب پر کنٹرول کرنا تھا، آئی ایم ایف شرائط کے مطابق گردشی قرضہ کنٹرول نہ ہوا تو قرض معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی۔