Time 09 ستمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

6 فٹ سے بھی لمبی آئی فون کی ایسی نقل جسے استعمال کرنا ممکن ہے

6 فٹ سے بھی لمبی آئی فون کی ایسی نقل جسے استعمال کرنا ممکن ہے
یہ وہ عظیم الجثہ آئی فون ہے / اسکرین شاٹ 

ایک عام حجم کے اسمارٹ فون کو تیار کرنا بھی کافی مشکل ہوتا ہے مگر اب دنیا بھر میں لوگ اربوں فونز استعمال کر رہے ہیں۔

مگر ایک ایسے اسمارٹ فون کا تصور کریں جو عام ڈیوائسز کے مقابلے میں 100 گنا بڑا ہو اور اس میں لگ بھگ تمام فیچرز موجود ہوں۔

جی ہاں واقعی 2 یوٹیوبرز میتھیو پرکنس اور ارون مینائی نے ایسا انوکھا کام کیا۔

انہوں نے آئی فون 15 پرو میکس کی ایسی بڑی نقل تیار کی جو اصل آئی فون کی طرح کام کرتی ہے۔

یہ آئی فون 6.74 فٹ لمبا ہے جبکہ اس کا وزن لگ بھگ 200 کلوگرام ہے۔

اسے گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے بڑا فعال آئی فون قرار دیا ہے۔

میتھیو پرکنس نے اس فون کی اسکرین کے لیے 88 انچ کے ایک او ایل ای ڈی ٹیلی ویژن استعمال کیا جس میں ریسپانسیو ٹچ اسکرین کا آپشن موجود تھا۔

اس مقصد کے لیے انہوں نے اسکرین کے حجم کے ٹچ فوائل کے ٹکڑے کو استعمال کیا۔

اس کے بعد انہوں نے فون کے حجم کے مطابق پرزہ جات جیسے اسپیکرز، تھری لینس کیمرا ٹرے، والیوم اور پاور بٹنز وغیرہ کو فریم میں نصب کیا۔

فون کا فریم المونیم سے تیار کیا جبکہ کیمرا سیٹ اپ کے لیے ڈیجیٹل کیمروں کو استعمال کیا گیا تاکہ آئی فون 15 پرو میکس کے ٹیلی فوٹو لینس کی نقل کی جاسکے۔

اس فریم کے نیچے پہیوں سے بنے اسٹینڈ کو استعمال کیا گیا تاکہ فون اس پر کھڑا کیا جاسکے اور اسے آسانی سے ایک سے دوسری جگہ لے جایا جاسکے۔

بس ایک چیز نے اسے حقیقی آئی فون 15 پرو میکس سے الگ کیا ہے اور وہ ہے ایپل کا تیار کردہ آپریٹنگ سسٹم۔

چونکہ ایپل کا آپریٹنگ سسٹم کمپنی تک محدود ہے تو یوٹیوبرز کی جانب سے آئی فون کی اس نقل کے لیے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کیا ہے۔

یہ آئی فون دیکھنے میں تو بہت بڑا ہے مگر اسے حقیقی فون کی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اسے تیار کرنے کے لیے یوٹیوبرز نے 70 ہزار ڈالرز خرچ کیے اور اب اس کی نمائش لندن کی گلیوں میں کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :