پاکستان

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل اور شعیب شاہین کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل اور شعیب شاہین کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین، شیر افضل اور شعیب شاہین کو گرفتار کرلیا— فوٹو: فائل

اسلام آباد: پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیر مین بیرسٹر گوہر  کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کرلیا۔

پولیس نے پی ٹی آئی  رہنما شیر افضل مروت کو بھی پارلیمنٹ کے باہر سے  گرفتار  کیا جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق شعیب شاہین کو ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کےلیے پولیس اب بھی پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر موجود ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی گرفتاری سے قبل ان کے ساتھ شیخ وقاص اکرم، صاحبزادہ حامد رضا، زین قریشی اور شاہد خٹک بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود تھے۔

اس سے قبل پولیس حکام کا کہنا تھا کہ عمرایوب اور زرتاج گل کو بھی گرفتار کیا جائے گا، تاہم علی محمد خان پارلیمنٹ ہاؤس سےروانہ ہوگئے ہیں اور پولیس کی جانب سے انہیں گرفتارنہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے قانون کے مطابق جلسے میں موجود پنجاب کی قیادت کےخلاف بھی کریک ڈاون شروع ہونےکا امکان ہے اور اسلام آباد پولیس نے پنجاب پولیس کو باضابطہ طورپر آگاہ کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات 3 تھانوں میں درج کیے گئے ہیں، مقدمات اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر2024کے تحت درج کیے گئے، مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات تھانا نون اور تھانا سنگجانی میں درج کیےگئے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بیرسٹر گوہر، عمرایوب، زرتاج گل، عامر مغل، شعیب شاہین، شیر افضل مروت مقدمات میں نامزدہیں جبکہ سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 مقامی رہنما بھی مقدمات میں نامزد ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمے کے متن کے مطابق پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا جس پر کارکنوں کی جانب سے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پرحملہ کیا، مقدمے کے مطابق پولیس نے شیلنگ کی اور موقع سے 17 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسہ کیا جس کے لیے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو شام 7 بجے تک جلسہ کرنے کا این او سی جاری کیا تھا لیکن اس کے باوجود جلسہ دیر تک جاری رہا۔

تحریک انصاف کے جلسے کے قریب 26 نمبر چونگی پر جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم  بھی ہوا جس میں جلسے کے شرکا نےپتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

مزید خبریں :