10 ستمبر ، 2024
بانی پی ٹی آئی عمران خان نےکہا ہےکہ وہ آج سے اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی فریق سے بھی مذاکرات کے دروازے بند کر رہے ہیں۔
اڈیالا جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے 6 پارٹی رہنماؤں کو اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کی اجازت دے رکھی تھی۔
لاہور جلسے کے بارے میں عمران خان نےکہا کہ 21 ستمبر کے جلسے اجازت ملے یا نہ ملے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے۔
صحافی نے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور کے بیانات سے بغاوت کا تاثر جاتا ہے؟ اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے، علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایک اور صحافی نے سوال کیا کہ علی امین گنڈا پور کی تقریر پر آپ کے پارٹی رہنما معافیاں مانگ رہے ہیں؟ اس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا علی امین گنڈا پور کے بیان پر معافی مانگنے والے بزدل اور ڈرپوک ہیں ان کو پارٹی میں نہیں ہونا چاہیے۔
فیصل واوڈا سے متعلق سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فیصل واوڈا کن کا ماؤتھ پیس ہے سب کو پتا ہے، آپ ارشد شریف قتل کیس کا اوپن ٹرائل کرلیں سب سامنے آجائےگا۔