Time 10 ستمبر ، 2024
کھیل

یوگنڈا کی اولمپیئن ایتھلیٹ کو جلانے والا سابق بوائے فرینڈ خود بھی جھلس کر ہلاک

یوگنڈا کی اولمپیئن ایتھلیٹ کو جلانے والا سابق بوائے فرینڈ خود بھی جھلس کر ہلاک
ربیکا نے پیرس اولمپکس 2024 میں یوگنڈا کی نمائندگی کی تھی اور میراتھن میں 44 ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔—فوٹو:  ربیکا چیپٹگی فائل

یوگنڈا کی اولمپیئن ایتھلیٹ ربیکا چیپٹگی کو جلانے والا سابق بوائے فرینڈ خود بھی جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

33 سالہ میراتھن رنر ربیکا نے پیرس اولمپکس 2024 میں یوگنڈا کی نمائندگی کی تھی اور میراتھن میں 44 ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایتھلیٹ ربیکا کو گزشتہ دنوں سابق بوائے فرینڈ نے پیٹرول چھڑک کر جلادیا تھا جس کے بعد پڑوسیوں کی مدد سے خاتون کو تشویشناک حالت میں کینیا کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ربیکا پر کینیا میں موجود ان کے گھر پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ٹریننگ کررہی تھیں، حملے کے دوران خاتون اولمپک زخمی ہوئی تھیں اور حملہ آور بھی جھلس گیا تھا جس کے بعد دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 5 ستمبر کو  یوگنڈا کی اولمپیئن ایتھلیٹ ربیکا اسپتال میں انتقال کرگئی تھیں۔

تاہم اب غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ربیکا چیپٹگی کو آگ لگا کر ہلاک کرنے والا ان کا سابق بوائے فرینڈ بھی پیر کی رات کو آئی سی یو میں انتقال کرگیا۔

پولیس میں درج رپورٹ کے مطابق ربیکا اور ان کے سابق بوائے فرینڈ کے درمیان زمین پر جھگڑا چل رہا تھا۔

مزید خبریں :