Time 11 ستمبر ، 2024
پاکستان

اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین کو میثاق پارلیمنٹ کی تجویز دیدی

اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین کو میثاق پارلیمنٹ کی تجویز دیدی
ہماری قیادت بیٹھے یا نہ بیٹھےکیا ہم پارلیمنٹیرینز میثاق پارلیمنٹ پر سائن نہیں کر سکتے؟ ایاز صادق۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اراکین اسمبلی کو میثاق پارلیمنٹ سائن کرنے کی تجویز پیش کر دی۔

پرسوں رات پارلیمنٹ ہاؤس سے ہونے والی گرفتاریوں کے تناظر میں آج ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا پارلیمنٹ ہاؤس میں جو واقعہ ہوا اس پر اپنے ضمیر کے مطابق آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ایکشن لیا، سارجنٹ ایٹ آرمز جس کی ذمہ داری ہوتی ہے پارلیمنٹ کی سکیورٹی کی اسے اور اس کے ساتھ جو لوگ تھے انہیں معطل کیا۔

ایاز صادق کا کہنا تھا جو واقعہ ہوا اس کی تہہ تک جانے کی کوشش کریں گے، آج کمیٹی بنا دیتے ہیں تاکہ آج سے ہی کام شروع ہو جائے، بیرسٹر گوہر، آپ اجلاس ملتوی ہونے کے بعد میرے پاس آجائیے گا، آپ اپنے دوستوں کو بتاکر آئیےگا کہ آپ کوئی سازش کرنے نہیں آرہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین اسمبلی کو چارٹر آف پارلیمنٹ کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قیادت بیٹھے یا نہ بیٹھےکیا ہم پارلیمنٹیرینز میثاق پارلیمنٹ پر سائن نہیں کر سکتے، کیا ہم پارلیمنٹ کے تقدس کی خاطر اکٹھے نہیں بیٹھ سکتے، کیا ہم بہتری کی طرف نہیں جا سکتے۔

ان کا کہنا تھا ہم لوگوں کے حقوق کی بات کریں، میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ اپوزیشن نے جو باہر بات کرنی ہے وہ ایوان میں کرے لیکن آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کرے تو بھلا کس کو اعتراض ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں :