11 ستمبر ، 2024
بھارت میں سوشل میڈیا پر امرتسری چائے پر بحث چھڑ گئی۔
جنوبی ایشیا میں چائے کو خاص اہمیت حاصل ہے، یہ مہمانوں کی تواضع سے لیکر ہر موقع پر ضروری سمجھی جاتی ہے۔ اکثر افراد اس کو تھکن دور کرنے کیلئے بھی پیتے ہیں۔
چائے کی کئی قسمیں ہیں جن میں دودھ اور پتی سے بنی چائے اور بھارت کی مصالحہ چائے بھی شامل ہے لیکن اب امرتسری چائے نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔
بھارتی فوڈ ولاگر نے بھارتی شہر امرتسر میں چائے بنانے والے شخص کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دکاندار کو چائے بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکاندار دیگچی میں پہلے دودھ، الائچی، گلاب کی پتیاں، پتی اور چینی ڈال کر پکا رہا ہے۔ پھر اس میں بادام، خشخاش پیس کر چائے کو مکھن کا تڑکا لگایا اور گاہک کو پیش کی۔ امرتسری چائے کی قیمت 100 بھارتی روپے ہے۔
اس چائے کی ترکیب پرسوشل میڈیا صارفین بھی سر پکڑ کر رہ گئے اور طرح طرح کے تبصرے کیے۔
ایک صارف نے لکھاکہ ’چائے کی ایسی کی تیسی کردی‘۔ ایک اور صارف نے لکھاکہ پیاز اور لہسن ڈالنا بھول گئے۔ ایک صارف تو یہاں نہ رکے انہوں نے کہاکہ اس کے بعد عام چائے پی کر ہی سکون آئے گا۔