11 ستمبر ، 2024
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیپلزپارٹی کے وفد میں سید نوید قمر اور میئرکراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ،عطاء اللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز "چارٹر آف پارلیمنٹ" کو سراہا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، اس نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔
اعلامیے کے مطابق پیپلز پارٹی کےوفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔
اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے وفد نےحکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔