Time 12 ستمبر ، 2024
کھیل

147 سالوں میں پہلی بار! ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے اور نیا اعزاز حاصل کرنے کیلئے کوہلی کو کتنے رنز درکار؟

147 سالوں میں پہلی بار! ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے اور نیا اعزاز حاصل کرنے کیلئے کوہلی کو کتنے رنز درکار؟
یہ 147 سالوں میں پہلی بار ہوگا کہ جب کوئی بیٹر 600 سے بھی کم اننگز میں 27 ہزار رنز مکمل کرلے گا__فوٹو: فائل

بھارت کے سابق لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو محض چند رنز کی ضرورت ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں  ویرات کوہلی کے پاس  سچن ٹنڈولکر کا اہم ریکارڈ توڑنے کا موقع ہے، کوہلی کو انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹنڈولکر کے 27 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے محض 58 رنز کی ضرورت ہے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ سچن ٹنڈولکر بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز 27000 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی ہیں۔

بھارتیوں کے لیے بھگوان کا درجہ رکھنے والے سچن ٹنڈولکر نے یہ اعزاز 623 اننگز  یعنی 226 ٹیسٹ اننگز، 396 ون ڈے اور  ایک ٹی20 اننگز میں حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب ویرات کوہلی اب تک تمام فارمیٹس میں 591 اننگز کھیل کر 26 ہزار  942 رنز بنا چکے ہیں، اگر کوہلی اگلی 8 اننگز میں مزید 58 رنز بنالیتے ہیں تو وہ سب سے کم یعنی 600 اننگز میں 27 ہزار  رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیں گے جبکہ لیجنڈری بلےباز کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔

یہ 147 سالوں میں پہلی بار ہوگا کہ جب کوئی بیٹر 600 سے بھی کم اننگز میں 27 ہزار رنز مکمل کرلے گا، اور کوہلی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے۔

ٹنڈولکر کے علاوہ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 27000 سے زائد رنز بنارکھے ہیں۔

مزید خبریں :