12 ستمبر ، 2024
پاکستان فٹبال فیڈریشن(پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی نے قومی انڈر 17 فٹبال ٹیم کی ساف چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے این او سی کی دوبارہ درخواست جمع کرانے سے معذوری ظاہر کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پی ایف ایف کو این او سی کی درخواست دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔اسپورٹس بورڈ نے 6 ستمبر کو ای میل کے ذریعے دوبارہ مکمل دستاویزات جمع کرانے کا کہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف وقت کی کمی کے باعث دوبارہ درخواست تیار کرنے سے قاصر ہے۔
پی ایف ایف نے 22 اگست کو ایونٹ میں شرکت کے لیے پی ایس بی کو این او سی کی درخواست بھجوائی تھی، تاہم پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایف ایف کو ہدایت کی تھی کہ دستاویزات پر چیئرمین ہارون ملک کے دستخط کرائے جائیں۔
موجودہ دستاویزات پر نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد کھوکھر کے دستخط ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم کو اس ماہ ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (ساف) چیمپئن شپ میں شرکت کرنا ہے، جو 20 ستمبر سے بھوٹان میں ہوگی۔ ٹیم کو 16 ستمبر کو ایونٹ کے لیے روانہ ہونا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ این او سی کے عمل پر کام کر رہا ہے اور پی ایف ایف کی پہلی درخواست پر اعتراض کے باوجود پراسس شروع کردیا تھا۔