12 ستمبر ، 2024
بھارت کے شہر چنئی میں ہونے والی چوتھی ساؤتھ ایشین جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔
جمعرات کو ہونے والی 400 میٹر دوڑ میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس نمایاں پرفارمنس نہیں دے سکے۔
400 میٹر دوڑ میں پاکستان کے 2 رنر سمیت مجموعی طور پر 8 ایتھلیٹس نے حصہ لیا، مگر پاکستان کے کھلاڑی کوئی نمایاں پوزیشن حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
پاکستان کے محمد فرحان نے 51.51 سیکنڈزکی ٹائمنگ کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی جبکہ انیس خان 51.56 سیکنڈز میں دوڑ مکمل کرتے ہوئے ساتویں نمبر پر رہے۔ دونوں کھلاڑی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بھارت کے حے کمار سے چار سیکنڈز سے بھی زائد فرق سے پیچھے رہے ۔
محمد فرحان اور انیس خان بالترتیب حے کمار سے 4.65 اور 4.7 سیکنڈز کے فرق سے پیچھے رہے۔
ایونٹ کے پہلے روز بدھ کو ہونے والے مقابلوں میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس کوئی نمایاں پرفارمنس نہ دے سکے تھے ۔
100 میٹرز میں عمار اور حسنین ہیٹ سے آگے نہ بڑھ سکے تھے، خواتین کی ہائی جمپ میں آئزہ احمد پہلا معیار بھی پار نہ کرسکی تھیں جبکہ 800 میٹر میں شاہد سب سے آخری رہے تھے۔