13 ستمبر ، 2024
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل میں ائیر ڈیفنس بیس پر راکٹ حملے کیے گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے کئی راکٹ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع سامنے نہیں آ سکی۔
غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 40 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں پھر فوجی آپریشن کر دیا، طولکرم میں اسرائیلی آپریشن میں بچی سمیت 5 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ 20گھر دھماکوں سے تباہ کر دیے گئے، متعدد فلسطینی گرفتار ہو گئے۔
ترک حکومت نے ترک امریکی کارکن عائشہ نور کی موت کے ذمہ دار اسرائیلی حکام کی گرفتاری کے لیے عالمی وارنٹ جاری کرانے پر غور شروع کر دیا۔
نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ عالمی قانون کی خلاف ورزی پر اسرائیل کا احتساب ہونا چاہیے اور غزہ میں اب جنگ بندی ہونی چاہیے۔