Time 13 ستمبر ، 2024
پاکستان

افغانستان کو چاہیے وہ علی امین گنڈاپور کو اپنے پاس ہی رکھ لے: پی پی چیئرمین

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور افغانستان ضرور جائیں بلکہ افغانستان کو چاہیے وہ گنڈا پور کو اپنے پاس ہی رکھ لے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی ویسے تو گورنر راج کے حق میں نہیں مگر آخری قدم کے طور پر لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر گورنر راج لگ بھی جائے تو اٹھارہویں ترمیم میں ہم نے ایسی گنجائش رکھی ہے کہ یہ زیادہ دیر تک نہ لگا رہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے افغانستان سے بات کرنے کے اعلان پر تبصرہ کیا کہ گنڈا پور افغانستان ضرور جائیں بلکہ افغانستان کو چاہیے وہ علی امین گنڈا پور کو اپنے پاس ہی رکھ لے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے افغانستان سے براہ راست مذاکرات کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھاکہ خود افغانستان سے بات کروں گا اپنی پالیسیاں اپنے گھر میں رکھو، میں بحیثیت صوبہ افغانستان سے بات کروں گا، وفد بھیجوں گا، افغانستان کے ساتھ بیٹھ کر بات کروں گا اور مسئلہ حل کروں گا۔

اس کے بعد گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے ملاقات کی کرکے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید خبریں :