14 ستمبر ، 2024
بالی وڈ کے معروف اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کے امریکا میں ہونے والے کنسرٹس سے آمدنی نے سب کو چونکا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلجیت دوسانجھ نے مئی سے جولائی کے دوران شمالی امریکا میں دل لومیناٹی کے نام سے ٹور کیا اور کئی شہروں میں کنسرٹ کیے۔
اس کے علاوہ رواں ماہ یورپ اور برطانیہ میں بھی دلجیت کے کنسرٹس ہوں گے جن کی ٹکٹیں سیکنڈز میں فروخت ہوچکی ہیں۔
تاہم اب دلجیت کی منیجر نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا میں ہونے والے کنسرٹس کا ٹکٹ 55 ہزار ڈالر یعنی 46 لاکھ بھارتی روپے (ایک کروڑ 53 لاکھ پاکستانی روپوں) سے لیکر 64 ہزار ڈالر یعنی 54 لاکھ بھارتی روپے ( ایک کروڑ 78 لاکھ پاکستانی روپوں) میں فروخت ہوئے۔
انہوں نے بتایاکہ کنسرٹس میں شرکت کیلئے لوگوں کا اتنا رش تھا کہ اس قیمت پر لوگوں نے بلیک میں ٹکٹس خریدے۔
ان کی منیجر نے مزید انکشاف کیا کہ شمالی امریکا کے کنسرٹس سے دلجیت کو 234 کروڑ بھارتی روپے کی آمدنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ برطانیہ میں کنسرٹس کے ٹکٹ چند گھنٹوں میں ہی ختم ہوچکے ہیں۔