Time 14 ستمبر ، 2024
پاکستان

سندھ میں نئے بھرتی ہونیوالے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر پنشن اور گریجویٹی نہیں ملےگی

کراچی: سندھ کابینہ  نے ڈیفائنڈکنٹری بیوٹر پنشن اسکیم 2024 کے نفاذ کی منظوری دی ہے جس کے تحت نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو  ریٹائرمنٹ  پر  پنشن  اور گریجویٹی نہیں ملےگی۔

سندھ کابینہ کی جانب سے منظور  ڈیفائنڈ کنٹری بیوٹر پنشن اسکیم 2024 کے تحت  اب نئے بھرتی ہونے والے صوبائی ملازم ڈیفائنڈ پینشن اسکیم  میں حصے دار  ہوں گے جس کے تحت ملازمین اپنی تنخواہ کا 10 فیصد جب کہ حکومت اس میں 12 فیصد حصہ ملائے گی  اور  اس رقم کو ملازمین کے اکاؤنٹ میں شامل کیا جائےگا۔

اس فنڈ کو ریٹائرمنٹ کے بعد ملازم خود اور انتقال کی صورت میں اس کے ورثاء وصول کرسکیں گے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اسلام کوٹ میں آراو پلانٹ کی بحالی کے لیے 43 کروڑ روپے جاری کرنے اور ضلع دادو میں کیڈٹ کالج پاک بحریہ کو دینے کی منظوری بھی  دی گئی۔

اجلاس میں کارونجھر جابلو پٹی کو محفوظ ورثہ قرار دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

اس کے علاوہ منشیات سے منسلک ممنوع فصلوں کی کاشت پر 7 سال قید اور 5  لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے، کریکس اور صوبائی سمندری حدود میں بوٹم ٹرولنگ کے ذریعے مچھلی پکڑنے کے خلاف قانون سازی کرنے، بے نظیر ہاری کارڈ ابتدائی طورپر 25 ایکڑ زمین والوں کو جاری کرنے اور منشیات رکھنے پر 7 سال تک قید اور 10 لاکھ روپے جرمانےکی منظوری  بھی دی گئی۔

مزید خبریں :