Time 15 ستمبر ، 2024
کھیل

باسط علی کے شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات، پی سی بی کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا

باسط علی کے شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات، پی سی بی کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا
اگر کسی کو شعیب ملک کے خلاف ثبوت چاہئیں تو میں دیدوں گا، سابق قومی کرکٹر۔ فوٹو فائل

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر باسط علی نے شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیمپئنز کپ کے لیے ٹیم اسٹالینز کا مینٹور مقرر کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سابق قومی کرکٹر نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کے دوران ٹیم اسٹالینز کے مینٹور شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا اگر کسی کو ثبوت چاہئیں تو میں دے دوں گا۔

باسط علی نے کہا کہ جو لوگ ملک کے بارے میں نہیں سوچ سکتے ان کی تقرری نہیں ہونی چاہیے اور جنھوں نے خود اعتراف کیا کہ وہ جان بوجھ کر ایک میچ ہارے تھے انھیں پی سی بی نے کیسے مینٹور بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا رمیز راجہ کو دیئے گئے انٹرویو میں شعیب ملک نے جان بوجھ کر ایک میچ ہارنے کا اعتراف کیا تھا۔

سابق کرکٹر نے بابر اعظم کے بجائے اسٹالینز کا کپتان نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو بنانے پر بھی مینٹور شعیب ملک پر تنقید کی اور کہا کہ بابر اعظم کی جیب سے آپ حارث جیسے 10 کھلاڑی نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو ان حالات میں عمر اکمل یا احمد شہزاد جیسا مؤقف اختیار کرنا چاہیے تھا اور حارث کی کپتانی میں کھیلنے سے انکار کر دینا چاہیے تھا۔

بابر اعظم کے ساتھ پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود بھی اسٹالینز کا حصہ ہیں لیکن وہ بھی محمد حارث کی کپتانی میں ہی کھیل رہے ہیں۔

مزید خبریں :