پاکستان

قومی اسمبلی کے اجلاس میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی

قومی اسمبلی کے اجلاس میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی
قومی اسمبلی کا صبح ساڑھے 11 بجے ہونے والا اجلاس اب شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔ فوٹو فائل

قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں تاخیر کی وجہ سامنے آگئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا تاہم اب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کا وقت تبدیل کر کے شام 4 بجے کر دیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹس بھی جاری ہو گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق کمیٹی نے صبح 10 بجے کی میٹنگ کے بعد اسپیکر سےکہا اہم امور پر فیصلوں کیلئے وقت درکار ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کی درخواست پر آج کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس جاری کردیا۔

تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے جے یو آئی کی شوریٰ سے مشاورت کیلیے وقت مانگا تھا، مولانا فضل الرحمان آئینی ترامیم پر آج جے یو آئی کی مجلس شوریٰ سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد حکومت کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے، مولانا فضل الرحمان کے فیصلے تک قومی اسمبلی کا اجلاس وقت تبدیل کیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات دیر گئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کی رہائشگاہ پر جاکر ملاقات کی تھی اور پھر واپسی پر صحافیوں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کی آئینی ترامیم میں حمایت سے متعلق سوال پر وکٹری کا نشان بنا کر چلے گئے تھے۔

دوسری جانب اس حوالے سے جے یو آئی رہنما کامران مرتضیٰ نے بتایا تھا کہ حکومت کی جانب سے آئینی ترامیم کی کچھ تجاویز سامنے آئی ہیں جس پر پارٹی سے مشاورت کرنے کے بعد فیصلہ کریں گے۔

کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا آئینی ترمیم آج اسمبلی میں آرہی ہے یا نہیں اس سے متعلق ہمیں معلوم نہیں تاہم آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔

مزید خبریں :