15 ستمبر ، 2024
برطانوی اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں نے قابض بھارتی سکیورٹی فورسز کو ناکوں چنے چبوا دیے ہیں۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتخابات سے قبل کشمیر میں حریت پسندوں کے حملے تیز ہو گئے ہیں، کشمیری حریت پسند پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہیں جبکہ بھارتی سکیورٹی فورسز کا مورال پست ترین سطح پرہے۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ کشمیری مجاہدین بھارتی فورسز کے خلاف جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں اور اپنے اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بناتے ہیں، کشمیری مجاہدین اب بہت بہتر تربیت یافتہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کشمیری مجاہدین جنگی ساز و سامان کی ترسیل کیلیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں اور باڈی کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے گھات لگانے کی فلم بناتے ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ کشمیری عسکریت پسندوں کے پاس جدید ترین ہتھیار ہیں، ہم حکومت سے اضافی مدد مانگ رہے ہیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق حریت پسندوں کے ہائی ٹیک اور اسٹریٹیجک حملوں نے بھارتی فوج کو حیران و پریشان کر دیا ہے، 2020 سے اب تک تقریباً 200 سکیورٹی اہلکار اور 350 سے زیادہ شہری مارے جا چکے ہیں، کشمیری مجاہدین کی حملوں کی حالیہ نئی لہر تکنیکی طور جدید ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کشمیری مجاہدین کی نئی حکمت عملے نے بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے، کشمیری علیحدگی پسند بغاوت کو کبھی بھی مکمل طور پر کچلا نہیں جا سکا، بھارت کو اپنی سرحد پر غیر معمولی خطرے کا سامنا ہے۔