16 ستمبر ، 2024
ایک جوڑے نے گھر مہنگا ہونے پر یورپی ملک فن لینڈ میں ایک غیر آباد جزیرہ خرید لیا جو کافی سستا تھا۔
جی ہاں واقعی امریکا سے تعلق رکھنے والے اولیور رسل اور ان کی ڈچ گرل فرینڈ ہیلنا ٹومازویسکا نے ایسا کیا۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ اولیور رسل ہمیشہ سے فن لینڈ منتقل ہونا چاہتے تھے اور 2022 میں وہ ہیلنسکی منتقل ہوگئے۔
وہاں پہنچنے کے بعد ان کی اپنی گرل فرینڈ سے ملاقات ہوئی۔
مگر فن لینڈ کے اس شہر میں گھر یا فلیٹ کی قیمت بہت زیادہ ہے تو اس جوڑے نے ایک زیادہ سستا آپشن اختیار کیا۔
انہوں نے ڈھائی ایکڑ کا غیر آباد جزیرہ خرید لیا۔
اولیور رسل کے مطابق 'میں ہمیشہ سے فن لینڈ کا شہری بننا چاہتا تھا اور یہاں موسم گرما میں لوگ کسی کاٹیج میں رہنا پسند کرتے ہیں اور میں بھی ایسا چاہتا تھا'۔
انہوں نے ایک ویب سائٹ پر جاکر جائیدادوں کا جائزہ لیا تو علم ہوا کہ 10 سال سے خالی جزیرہ محض 36 ہزار 569 ڈالرز میں دستیاب ہے۔
اولیور رسل کے مطابق 'اس جزیرے کی قیمت کسی گھر کے مقابلے میں بہت کم تھی تو میں نے 31 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی جسے قبول کرلیا گیا'۔
یہ جوڑا جون 2024 میں اپنے نئے گھر میں منتقل ہوا اور دیکھا کہ وہ غیر آباد ہے تو انہیں کافی کام کرنا ہوگا۔
اولیور رسل نے بتایا کہ 'ہم نے لکڑیوں سے ایک فریم بنایا اور پھر اپنا گھر تعمیر کیا، اب میں شاور اسٹرکچر تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہوں تاکہ جزیرے میں قیام کے دوران نہانا ممکن ہوسکے'۔
یہ جوڑا اب ہفتہ وار تعطیل کا زیادہ تر وقت جزیرے پر کام کرتے ہوئے گزارتا ہے اور وہ اپنا سمر کاٹیج تعمیر کرنا چاہتا ہے۔