Time 16 ستمبر ، 2024
کھیل

247 انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کے احسن ایاز کو شکست

247 انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کے  احسن ایاز  کو شکست
احسن ایاز نے حالیہ مہینوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے— فوٹو: فیضان لاکھانی

پاکستانی اسکواش کھلاڑی احسن ایاز کو 247 انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں مصر کے محمد شرف نے شکست دے دی۔ 

فائنل میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جہاں ہر گیم ہی سنسنی خیز رہا، احسن ایاز کو تینوں گیمز میں 11-9، 11-9، 18-16 کے اسکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

247 انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا فائنل نیو جرسی میں منعقد ہوا، جس کی مجموعی انعامی رقم 3 ہزار ڈالر تھی، محمد شرف نے اس دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

احسن ایاز کے لیے یہ مسلسل دوسرا پی ایس اے فائنل تھا، اس سے قبل انہوں نے اسی ماہ کولی ول اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جس سے ان کی فارم اور کارکردگی کا اندازہ ہوتا ہے۔

احسن ایاز نے حالیہ مہینوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور کئی اہم اسکواش ٹورنامنٹس میں کامیابیاں حاصل کیں، انہوں نے ایچ ایس سی اسکواش اوپن 2024 (14 تا 17 فروری) اور ایس او اے پی انجینئرنگ اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2024 (2 تا 5 فروری) میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ایونٹس میں چیمپئن شپ اپنے نام کی۔

اس سے قبل 2023 کے آخر میں  احسن ایاز برنٹ اسکواش اوپن (26 تا 30 اکتوبر) کے فائنل تک پہنچے لیکن وہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس کے باوجود ان کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ انہوں نے ایچ ایس سی اسکواش اوپن 2023 (8 تا 11 جولائی) اور لائف ٹائم پیٹا بائٹ ٹیکنالوجیز اسکواش اوپن 2023 (2 تا 5 جولائی) میں بھی کامیابیاں حاصل کیں اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مزید خبریں :