Time 16 ستمبر ، 2024
پاکستان

سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر وضاحت سے متعلق الیکشن کمیشن میں اجلاس

اسلام آباد:  مخصوص نشستوں کے فیصلے  پر  الیکشن کمیشن کے خط  پر سپریم کورٹ کی وضاحت سے متعلق الیکشن کمیشن میں مشاورتی اجلاس ہوا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن اور لائر ونگ کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔کمیٹی کا اجلاس بدھ کو دوبارہ ہوگا۔ 

اس سے پہلے 8 ججز کا نوٹ سامنے آنے پر  ذرائع سے الیکشن کمیشن کا مؤقف سامنے آیا تھا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، آئینی اداروں سے ایسا برتاؤ قطعی نامناسب ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد میں الیکشن کمیشن کسی تاخیر کا ذمہ دار نہیں۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار   نے الیکشن کمیشن کی متفرق درخواست پر 8 ججز کی جانب سے جاری وضاحت پر رجسٹرار سپریم کورٹ کو نوٹ لکھ دیا۔

ڈپٹی رجسٹرار کی جانب سے نوٹ میں کہا گیا ہےکہ میڈیا پر خبریں چل رہی ہیں کہ سپریم کورٹ نے 12جولائی کے فیصلے پرکوئی وضاحت جاری کی جب کہ متعلقہ فریقین کو رجسٹرار آفس کی جانب سے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔

ڈپٹی رجسٹرار کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست پر نوٹسز بھی جاری نہیں کیےگئے، الیکشن کمیشن کی متفرق درخواست پروضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر جاری کی گئی تھی۔

ڈپٹی رجسٹرار کی جانب سے نوٹ 14 ستمبر کو رجسٹرار سپریم کورٹ کو لکھا گیا۔ نوٹ میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کی متفرق درخواست پر جاری وضاحت سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کو رات 8 بجے تک نہیں ملیں۔

مزید خبریں :