Time 17 ستمبر ، 2024
پاکستان

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا
کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا یا گیا —فوٹو: اے پی پی

ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔

آج عید میلادالنبی ﷺ پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔جشنِ عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر درود و سلام کی محفلیں سجاکر آقائے دو جہاں سے محبت کا اظہار کیا گیا۔

کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا یا گیا ، جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا گیا تو کہیں مسجد نبویؐ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے ، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول نے محافل میلاد کا انعقاد کیا اور ریلیاں نکالیں۔

لاہور میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ، میلادالنبیﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

پشاور میں رحمت اللعالمینﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل کا انعقاد کیا گیا ۔

کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغان کیا گیا، محافل نعت اور میلادالنبیﷺ کے جلوس کا بھی اہتمام کیا گیا۔

پنجاب میں ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ میں بھی محافل کا اہتمام کیاگیا، بہاولنگر میں مشعل بردار ریلی نکالی گئی اور 92 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا جبکہ راولپنڈی میں جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ہر سو رنگ و نور کی بہار رہی۔

حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی عاشقان رسولﷺ نے ریلیاں نکالیں اور محافل نعت کا اہتمام کیا۔

مزید خبریں :