17 ستمبر ، 2024
ویسے تو زمین کا ایک چاند ہے مگر بہت جلد یہ تعداد بڑھنے والی ہے۔
جی ہاں واقعی زمین کے گرد اب 2 چاند ہونے والے ہیں مگر یہ دوسرا چھوٹا چاند عارضی مہمان ہوگا۔
بنیادی طور پر یہ ایک سیارچہ ہے جو زمین کی جانب آرہا ہے جو ٹکرانے کی بجائے ہمارے سیارے کے اردگرد کچھ عرصے تک منڈلاتا رہے گا۔
2024 پی ٹی 5 نامی سیارچے کو حال ہی میں دریافت کیا گیا تھا جو زمین کے مدار میں 29 ستمبر سے 25 نومبر تک گھومتا رہے گا۔
اس کے بعد یہ زمین کے مدار سے نکل جائے گا اور نظام شمسی میں اپنا سفر جاری رکھے گا۔
سیارچے کے اس طرح زمین کے مدار میں پھنس جانے کے لیے سائنسدانوں کی جانب سے منی مون (mini moon) کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔
اس سے قبل بھی زمین کے گرد اس طرح کے منی مون دریافت ہوچکے ہیں، مگر وہ خلائی کچرے کے ٹکڑے ثابت ہوئے۔
جیسے 2020 میں بھی زمین کے گرد ایک چھوٹا چاند نظر آیا تھا اور بعد میں معلوم ہوا کہ وہ 1966 کے ایک خلائی مشن کا راکٹ بوسٹر ہے۔
مگر سائنسدانوں کے مطابق اس بار زمین کے گرد جو چھوٹا چاند نظر آئے گا وہ ایک حقیقی سیارچہ ہوگا۔
یہ سیارچہ جولائی سے زمین کے قریب موجود ہے۔
سائنسدانوں کے خیال میں یہ زمین کے 25 فیصد حصے کے گرد چکر لگائے گا۔
یہ چاند ہمارے لیے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا بلکہ چھوٹی ٹیلی اسکوپ سے بھی نظر نہیں آئے گا۔