17 ستمبر ، 2024
لبنان میں حزب اللہ اراکین کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکوں میں 8 شہید اور ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق منگل کی دوپہر لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے، رابطوں کیلئے استعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سےحزب اللہ کےکئی اراکین زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا نے بتایا کہ پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، 200 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
لبنان میں حزب اللہ ارکان کے زیر استعمال پیجر کے ذریعے کیسے ہزاروں دھماکے کیے گئے؟ اس حوالے سے جیو نیوز نے انٹرنیشنل سائبر ایکسپرٹ خواجہ محمد علی سے بات کی، انہوں نے بتایا کہ ٹیکنیکلی پیجر کو ہیک کر کے ایسے دھماکا کرنا ممکن ہے۔