18 ستمبر ، 2024
پشاور: پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وفاداری کے ویڈیو بیانات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے۔
ویڈیو بیانات میں اراکین اسمبلی عمران خان اور پارٹی سے مکمل وفاداری نبھانےکی یقین دہانی کراتے نظر آرہے ہیں۔
جن اراکین نے اب تک ویڈیو بیانات جاری کیے ان میں شیر علی ارباب، شاندانہ گلزار، آصف خان اور دیگر شامل ہیں۔
اراکین نے اپنے بیانات میں کہا کہ پارٹی کی طرف سے ملنے والے احکامات پر عمل درآمد کریں گے اور ہر صورت میں بانی پی ٹی آئی کا ساتھ دیں گے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل پارلیمنٹ کے اجلاس کے موقع پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پی ٹی آئی کے کچھ اراکین بھی حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والے مجوزہ آئینی ترامیم کے بل میں ووٹ دے سکتے ہیں جس کے بعد وفاداری کے بیانات آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔