18 ستمبر ، 2024
اسلام آباد: روسی نائب وزیراعظم الیکسی اوورچک کا کہنا ہےکہ ہمارا علم اور تجربہ پاکستان کے لیےکارآمد ہوسکتا ہے۔
دورہ پاکستان پر آئے روسی نائب وزیراعظم نے جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کا مقصد مختلف شعبوں میں روس کے علم اور تجربات سے پاکستان کو فائدہ پہنچانا ہے، دورہ پاکستان کے دوران روس اور پاکستان کے مابین عوامی سطح پر روابط کا فروغ ، سماجی،ثقافتی اور اقتصادی تعلقات کی وسعت اور فروغ پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
روسی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس روس پاکستان تجارتی حجم ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر رہا جو بہت کم ہے، ہم پاکستان کے ان اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں جن کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں پائیدار تجارتی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
روسی نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے پاکستان اور بھارت مسائل کا سفارتی حل نکالیں گے۔