20 ستمبر ، 2024
فیصل آباد میں بچوں کی لڑائی پر مخالفین نے 15 سالہ لڑکی پر تشدد کیا اور سر کے بال کاٹ دیے، منہ کالا کر کے گلی میں گھماتے رہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ماموں کانجن کے علاقے میں پیش آیا جہاں تین روز قبل ہونے والے بچوں کے جھگڑے کی رنجش پر تین خواتین اور چار مردوں سمیت سات افراد نے مخالف کے گھر میں گھس کے 15 سالہ لڑکی ثنا کو زبردستی گھر سے باہر نکالا اور اس کے سر کے بال کاٹ ڈالے۔
ملزمان نے لڑکی کے منہ پر تیل اور گریس لگا کر کالا کر دیا، متاثرہ لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسےگلی میں گھمایا بھی گیا۔
واقعہ سامنے آنے پر سی پی او کامران عادل کے حکم پر فوری طور پر تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔