20 ستمبر ، 2024
وزیر دفاع خواجہ آصف کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی سے متعلق بیان پر بھارتی میڈیا میں آگ لگ گئی۔
دو روز جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انڈین کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پاکستان کے 370 اور 35-اے کی بحالی پر ایک پیج پر ہونے سے متعلق بیان دیا تھا۔
خواجہ آصف کے کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی سے متعلق بیان کے بعد پورے بھارت میں اور بھارتی میڈیا میں آگ لگ گئی، یہاں تک کہ نریندر مودی نے بھی خواجہ آصف کا ذکر کردیا۔
آج کے پروگرام میں حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن اور حزب اختلاف پاکستان تحریک انصاف بھی مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ایک پیج پر آگئیں، نون لیگ کے بیرسٹر عقیل اور تحریک انصاف کے زین قریشی نے کہا آرٹیکل 370 اور 35-اے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔
نون لیگ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کریں گے۔