پاکستان

چین سندھ اور پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا

چین کے رویی گروپ نے سندھ اور پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چینی گروپ کے 9 رکنی وفد  نے ملاقات کی ہے۔ اعلامیے کے مطابق چین کا رویی گروپ پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ چین پاکستان کا ایسا دوست جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، رویی گروپ سی پیک کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ کا اولین سرمایہ کار تھا۔

چیئرمین رویی گروپ چیو یافو کا کہنا تھاکہ ہم سرمایہ کار نہیں پاکستان کے دوست کی حیثیت سے آئے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز اسپیڈ کا ذکر کیا اور کہا کہ امید ہے اس مرتبہ بھی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں یہی رفتار دیکھنے کو ملے گی۔

رویی گروپ نے سندھ اور پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کا اعلان کیا اور سربراہ چینی گروپ نے کہا کہ چین کی 100 کے قریب بڑی ٹیکسٹائل صنعتوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکسٹائل پارکس کا محور پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانااور ٹیکسٹائل اور گارمنٹس حب بنانا ہے، ان ٹیکسٹائل پارکس میں شمسی توانائی کا استعمال ہو گا، ان پارکس سے پہلے مرحلے میں 2 ارب ڈالرز اور دوسرے مرحلے میں 5 ارب ڈالرز کی برآمدات متوقع ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ان ٹیکسٹائل پارکس سے 3 لاکھ سے 5 لاکھ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، ان ٹیکسٹائل پارکس کا سنگ بنیاد اس سال کے آخر میں رکھا جائے گا، رویی گروپ کراچی اور لاہور میں ایک ایک ہول سیل کموڈیٹی مراکز بھی قائم کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں معاملات آگے بڑھانے کیلئے اسلام آباد اور بیجنگ میں ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم نے  اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ اور رویی شیڈونگ گروپ کے درمیان ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کے ایم او یو پر دستخط بھی ہوئے۔

مزید خبریں :