23 ستمبر ، 2024
دنیا کے عمر رسیدہ مگرمچھ ہینری کی 124ویں سالگرہ پر لی گئی تصاویر وائرل ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر رسیدہ مگرمچھ ہینری کروک کی عمر 124سال ہے جب کہ حیران کن بات یہ ہے کہ ہینری کے پاس 6 مادہ مگر مچھ ہیں اور اس کے بچوں کی تعداد 10 ہزار سے بھی زائد ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ہینری 16 دسمبر 1900 کو جنوبی افریقا کے شہر بوٹسوانا کے علاقے اوکاوانگو ڈیلٹا میں پیدا ہوا تھا جس کی وجہ سے ہینری کو دنیا کے قدیم ترین مگرمچھ کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے ۔
ہینری کی لمبائی 16فٹ ہے اور وہ اپنے بڑے سائز اور مضبوط دانتوں کے لیے مشہور ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہینری کاوزن 700 کلو ہے جس نے اپنی زندگی کے گزشتہ 30 سال Crocworld میں گزارے ہیں جب کہ حال ہی میں ہینری نے اپنی 124ویں سالگرہ منائی ہے جس کی تصاویر وائرل ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب چڑیا گھر کروک ورلڈ کے مطابق ہینری نے 10ہزار سے زیادہ بچے پیدا کیے ہیں اور اس کی 6 پارٹنرز ہیں۔
دنیا کے قدیم ترین مگرمچھ کا نام ہینری اس کے برطانوی شکاری سر ہینری نیومن کے نام پر رکھا گیا جنہوں نے ہینری کو مارنے کے بجائے اپنے پاس رکھ لیا، بعد ازاں اس کا نام ہینری ہی پکارا جانے لگا۔