23 ستمبر ، 2024
رواں برس بھارت کی مقبول ترین فلم 'لاپتا لیڈیز' نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
عامر خان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’لاپتا لیڈیزُ جو یکم مارچ 2024 کو ریلیز کی گئی تھی اسے دنیا کے سب سے بڑی ایوارڈز آسکرز 2025 کے لیے نامزد کیا گیا۔
فلم فیڈریشن آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ فلم لاپتا لیڈیز کو آسکر ایوارڈز 2025 میں انٹرنیشنل فلم کیٹیگری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم کو 12 ہندی فلموں، 6 تامل اور 4 ملیالم فلموں میں سے منتخب کیا گیا۔
فلم میں ماضی کا زمانہ دکھایا گیا ہے جس میں ایک شخص کی بیوی ٹرین میں کسی اور شخص کی بیوی سے تبدیل ہوجاتی ہے، گھونگھٹ کی وجہ سے وہ اپنی بیوی کو پہچان نہیں پاتا اور یہ راز گاؤں پہنچنے کے بعد پتا چلتا ہے۔
بعدازاں وہ جی جان لگاکر اپنی اہلیہ کو ڈھونڈتا ہے جب کہ جو لڑکی اس کے ساتھ آئی ہوتی ہے وہ بھی اس کی مدد کرتی ہے، وہ خود اپنی شادی ختم کرنا چاہتی ہے۔
اس فلم کے مرکزی کرداروں میں پراتبھا رانتا، سپارش شریواستو اور نیتانشی گوئل شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم سے متعلق کرن راؤ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اُن کی فلم آسکر ایوارڈز کے لیے نامزد ہوجائے گی تو ان کا خواب پورا ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ آسکر ایوارڈز کی انتظامیہ فلم لاپتا لیڈیز پر غور کرے گی اور یقیناً سب سے اچھی فلم کو منتخب کیا جائے گا۔