Time 24 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

'گانوں کا استحصال اور ظلم برداشت نہیں ہوتا'، بشریٰ انصاری چاہت فتح علی کے انداز سے ناخوش

پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے چاہت فتح علی خان کے انداز گلوکاری سے ناخوش نظر آئیں۔

حال ہی میں بشریٰ انصاری نے جیو نیوز کے شو 'ہنسنا منع ہے' میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اداکارہ نے اپنی آواز کا جادو بھی جگایا اور مزاحیہ گفتگو سے حاضرین کو خوب ہنسایا۔

میزبان تابش ہاشمی نے سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والے چاہت فتح علی خان کے حوالے سے سوال پوچھا کہ چاہت فتح علی جس طرح سے کرتے ہیں کیا آپ اسے مزاحیہ سمجھتی ہیں یا گانے کی بے عزتی؟

اس پر بشریٰ انصاری نے پہلے تو سوال کا جواب دینے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی لیکن پھر جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'مجھے لوگوں کی ذہنیت پر دکھ ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا یہ کس طرح کی چیزوں کو وائرل کرتے ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک ٹرینڈ ہے جو میری سمجھ سے بالا تر ہے، اس ٹرینڈ میں اور بھی عجیب عجیب سے لوگ ہیں جن کے نام مجھے نہیں آتے لیکن حیرت ہوتی ہے، گانوں کا اس طرح سے استحصال اور ظلم برداشت نہیں ہوتا۔'

واضح رہے کہ چاہت فتح علی خان نور جہاں کے مشہور گانے 'بدو بدی' کا ریمیک بنانے کے بعد سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے جب کہ وہ اکثر اپنے گانوں کی وجہ سے تنقید کی زد میں آتے ہیں۔

مزید خبریں :