Time 27 ستمبر ، 2024
پاکستان

سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے: آرمی چیف کی تاجروں سے گفتگو

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی میں تاجروں سے خطاب میں کہا ہے کہ  پاکستان مختلف شعبوں میں قابل ذکر صلاحیت رکھتا ہے، سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی کور کے تحت آنے والے علاقے کا دورہ کیا اور انہیں آپریشنل تیاریوں، فوج کی جانب سے اہم تربیتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے کراچی کی کاروباری برادری سے گفتگو کی اور ملک کی معاشی ترقی میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کی خدمات کو سراہا جبکہ کاروباری برادری نے مثبت معاشی اشاریوں کے حصول میں ایس آئی ایف سی  کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا۔

تاجر برادری کا کہنا تھاکہ معاشی اشاریے مزید معاشی ترقی کا ماحول فراہم کررہے ہیں۔

آرمی چیف نے تمام اقدامات کی حمایت پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوشش کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے مایوسی پیدا کرنے والوں کو شکست ہوئی۔

انہوں نے پاکستان کی اقتصادی بحالی میں مدد پر چین، سعودی عرب اور یو اے ای کے کرداراور متعدد شعبوں میں مدد کرنے پر ان کے کردار کو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھاکہ چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے متعدد شعبوں میں مدد فراہم کی گئی، پاکستان مختلف شعبوں میں قابل ذکر صلاحیت رکھتا ہے، سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر پاکستان اقوام عالم میں اپنا صحیح مقام حاصل کرے گا، پاکستان کا مقدر ہے کہ پاکستان اقوام عالم میں اپنا صحیح مقام حاصل کرے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا بھی افتتاح کیا۔ آئی ٹی پارک کا مقصد نوجوانوں کو آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں تعاون کو فروغ دے کر بااختیار بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سول کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

آرمی چیف کا کہنا تھاکہ  ایسے منصوبوں کا مقصد آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو مزید فروغ دینے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور معاشی ترقی کے لیے آئی ٹی ڈومین کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید خبریں :