29 ستمبر ، 2024
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتے کے دن ہونے والے ایک فضاعی حملے میں حزب اللہ کی مرکزی کونسل کے رکن اور سینیئر رہنما نبیل کاؤک مارے گئے ہیں۔
اسرائیل نے حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کے بعد اب ایک اور سینئر رہنما نبیل کاؤک کو گزشتہ روز ہونے والے ایک فضاعی حملے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
العربیہ نے اپنی خبر میں لکھا کے حزب اللہ کے قریب سمجھے جانے والے ذرائع نے خبر ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی حملے میں نبیل کاؤک کی ہلاکت کے دعوے کی تصدیق کی اور بتایا گیا ہے کہ وہ حزب اللہ کی اندرونی سکیورٹی کے انچارج تھے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل اسرائیل نے بیروت میں بنکر بسٹر بموں سے حملہ کرکے حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کو شہید کیا تھا اور اس کے بعد بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان کے مختلف شہروں پر حملے جاری ہیں۔
لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کے بعد لوگ بڑی تعداد میں بے گھر ہو رہے ہیں اور نقل مقانی کرکے محفوظ علاقوں کی جانب ہجرت کرنے پر مجبور ہیں۔
لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا کہ اسرائیل حملوں کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔