30 ستمبر ، 2024
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں چند روز قبل سڑک کنارے رکھی الماری سے لاش ملنے کے کیس کے 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے تاہم مرکزی ملزم کو اب تک گرفتار نہ کیا جا سکا۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں چند روز قبل سڑک کنارے رکھی الماری سےلاش ملنے کے کیس میں پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کیس انچارج انسپکٹر امتیاز میر جت نے بتایا کہ یہ اندھے قتل کا معاملہ تھا، مقتول کی حسن شاہ کے نام سے شناخت کے بعد دوران تفتیش خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر 4 ملزمان کو گرفتار کیا، 2 ملزمان رب نواز اور عادل فرار ہوگئے۔
گرفتار ملزم عمیر نے پولیس کو بیان میں سب اگل دیا اور بتایا کہ دوستوں میں جھگڑا ہوا تو رب نواز نے مقتول حسن کے سر پر لوہے کی چیز مار دی، پھر ہاتھ پاوں باندھ کر پھندا لگایا اور لاش الماری میں رکھ دی، اگلے روز گاڑی منگوا کر الماری سڑک پر رکھ آئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کی تلاش اور گرفتارملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔