Time 30 ستمبر ، 2024
کھیل

ویرات کوہلی نے ٹنڈولکر کا 17 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

ویرات کوہلی نے ٹنڈولکر کا 17 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
کوہلی نے 594 ویں انٹرنیشنل اننگز میں 27 ہزار رنز مکمل کیے —فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے سابق لیجنڈری بیٹر سچن ٹنڈولکر سے ایک اور اعزاز چھین لیا۔ 

بھارت اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ کانپور میں جاری ہے جہاں بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے 47 رنز کی اننگز کھیلی ، اس دوران انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اہم سنگ میل بھی عبور کیا۔

ویرات کوہلی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 27 ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں، وہ یہ کارنامہ کم ترین اننگز میں سر انجام دینے والے بیٹر ہیں۔

کوہلی نے 594 ویں انٹرنیشنل اننگز میں 27 ہزار رنز مکمل کیے جبکہ اس سے قبل یہ منفرد ریکارڈ بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 2007 میں 623 اننگز میں 27 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کیے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں صرف 4 کھلاڑی ہی 27 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر پائے ہیں جس میں سری لنکا کے کمار سنگارا اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ بھی شامل ہیں۔  

واضح رہے کہ کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ میں تیزترین 25 ہزار اور 26 ہزار رنز مکمل کرنے والے  بیٹر بھی ہیں۔ 

مزید خبریں :