Time 30 ستمبر ، 2024
پاکستان

فنی خرابی، ہنگامی بریک لگانے پر پی آئی اے کی دبئی سے ملتان کی پرواز کے تمام ٹائرپھٹ گئے

فنی خرابی، ہنگامی بریک لگانے پر پی آئی اے کی دبئی سے ملتان کی پرواز کے تمام ٹائرپھٹ گئے
ہنگامی بریک لگانے پر طیارے کے تمام ٹائر برسٹ ہوگئے جس پر طیارے کو رن وے سے ہٹا کر الگ کھڑا کر دیا گیا—فوٹو: فائل

دبئی ائیرپورٹ سے ملتان روانگی کے عین وقت فنی خرابی پر پائلٹ کی جانب سے ایمرجنسی بریک لگانے کی وجہ سے پی آئی اے کے طیارے کے تمام ٹائر پھٹ گئے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق دبئی سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 222 ملتان روانہ ہو رہی تھی۔ ائیربس اے 320 طیارہ رن وے پر ڈیڑھ سو کلومیٹر تک پہنچ گیا تھا کہ انجن میں فنی خرابی کی نشاندہی ہوئی جس پر پائلٹ نے ٹیک آف روک کر ایمرجنسی بریک لگا دیے۔ 

ترجمان نے بتایا کہ ہنگامی بریک لگانے پر طیارے کے تمام ٹائر برسٹ ہوگئے جس پر طیارے کو رن وے سے ہٹا کر الگ کھڑا کر دیا گیا۔ 

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز کے 172 مسافروں کو لاؤنج منتقل کیا گیا۔ طیارے کی خرابی کو ٹھیک کرنے کیلئے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کا عملہ کراچی سے دبئی روانہ کردیا گیا ہے۔ 

ایوی ایشن ذرائع  کا کہنا ہے کہ پرواز کے کچھ مسافروں کو دبئی سے لاہور کی پرواز پی کے 204 پر روانہ کیا گیا جبکہ کچھ مسافروں کو پی ائی اے کی شارجہ سے ملتان کے لیے روانہ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :