01 اکتوبر ، 2024
آرٹس کونسل کراچی، جیو اور جنگ کے اشتراک سے عالمی ثقافتی میلے کے پانچویں روز تھیٹر آرٹسٹس نے شرکا پر سحر انگیز گرفت برقراررکھی۔
ہدایتکارخالد احمد نے فرانسیسی مصنف مولیئرکے ڈرامے ٹرٹوفے کو کراچی کے عصری ماحول میں ڈھالا تو مزاحیہ کھیل نے آغاز ہی سے حاضرین کو اپنی مٹھی میں جکڑ لیا۔
اسٹیج ڈرامے کراچی کا بچھو میں دوپڑوسی خاندانوں کی کہانی کو موضوع بنایاگیا۔ کھیل میں کراچی کے کردار اور حالات کی جھلکیاں نظر آئیں، نوکر رحمت دو خاندانوں کو جعلسازی سے لوٹتا ہے لیکن آخر میں پکڑا جاتا ہے۔
تھیٹر پلے کراچی کا بچھو میں قہقہوں کے درمیان یہ سبق بھی پوشیدہ تھا کہ دھوکا اور جھوٹ دیر تک نہیں چل سکتے۔ کھیل کے کرداروں نے بتایا کہ اسکرپٹ یاد کرنا ٹیکنیکل کام ہے، تربیت لینے کے بعد کردار نبھانا زیادہ مشکل نہیں رہتا۔
عالمی ثقافتی میلے کے چھٹے روز تعلیم بالغاں2.0 ہنسی مذاق اور مستی کا ماحول بنائے گا جبکہ رواں ہفتے اٹلی، فرانس اور جاپان کے تھیٹرگروپ بھی اپنی پرفارمنس سے فیسٹول میں رنگ بھریں گے۔