01 اکتوبر ، 2024
کراچی میں موسم بدلنے کے بعد بخار کی مختلف اقسام تیزی سے پھیلنے لگیں۔
کراچی میں مختلف اقسام کے مچھر شہر میں ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا جیسے وائرل امراض پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں یومیہ وائرل انفیکشنز کے 250 تک کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جن میں سے ملیریا، ڈینگی اور چکن گونیا کی علامات کے ساتھ 50 سے زائد مریض آرہے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک ڈینگی کے ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک شخص انتقال کرچکا ہے۔
ملیریا کے ڈیڑھ ہزار جبکہ چکن گونیا کے150 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ کے مطابق ضلعی ٹیمیں شہر میں اسپرے مہم انجام دے رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرل انفیکشنز کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے اور اپنے ارد گرد صفائی ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے تاکہ ان امراض سے کسی حد تک بچا جاسکے۔