Time 04 اکتوبر ، 2024
پاکستان

اسپیکر قومی اسمبلی کو عادل بازائی اور الیاس چوہدری کیخلاف ریفرنس موصول

اسپیکر قومی اسمبلی کو عادل بازائی اور الیاس چوہدری کیخلاف ریفرنس موصول
عادل خان بازائی کےخلاف نواز شریف اور الیاس محمد چوہدری کے خلاف ریفرنس (ق) لیگ کی طرف سے دائر کیا گیا ہے: ذرائع__فوٹو: فائل

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی کو عادل بازائی اور الیاس محمد چوہدری کے خلاف ریفرنسز موصول ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق عادل خان بازائی کےخلاف نواز شریف اور الیاس محمد چوہدری کے خلاف ریفرنس (ق) لیگ کی طرف سے دائر کیا گیا ہے۔

ریفرنسز میں کہا گیا ہے کہ ممبران نے بجٹ سیشن کے دوران پارٹی ڈائریکشنز کی خلاف ورزی کی، دونوں ارکان حکومتی بینچز سے اٹھ کر اپوزیشن بینچز پر بیٹھ گئے تھے لہٰذا ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے،۔

ریفرنسز کے متن میں کہا گیا ہے کہ مروجہ قوانین کے مطابق تمام ممبران پارٹی گائیڈ لائنز کو فولو کرنے کے پابند ہیں، ریفرنسز میں ممبران کے خلاف فوری کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنس چوہدری شجاعت نے بھیجا۔

الیاس محمد چوہدری آزاد حیثیت میں جیتنے کے بعد (ق) لیگ میں شامل ہوگئے تھے جب کہ عادل خان بازائی آزاد حیثیت میں جیتنے کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے تھے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دونوں منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس چیف الیکشن کمشنر کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، الیکشن کمیشن ریفرنس کے بعد فوری دونوں ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ عادل خان بازائی قومی اسمبلی کے حلقہ 262 (کوئٹہ -1) اور الیاس محمد چوہدری حلقہ 62 (گجرات ) سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :