07 اکتوبر ، 2024
دسویں چیف آف نیول اسٹاف امیچرز نیٹ شیلڈ گولف راولپنڈی گولف کلب کے انعام الحق ملک نے جیت لی ۔
دسویں چیف آف دی نیول اسٹاف نیٹ شیلڈ گالف لاہور کے رائل پام گولف کلب میں اختتام پذیر ہو گئی، ایونٹ میں امیچرز، سینیئر امیچرز اور لیڈیز امیچرز کے مقابلے ہوئے، آخری روز انویٹیشنل میچز بھی ہوئے۔
راولپنڈی گولف کلب کے انعام الحق ملک آخری روز بھی اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، ان کا اسکور 211 رہا۔
ایونٹ میں احمد نواز ٹوانہ 213 اسکور کے ساتھ دوسرے اور214 اسکور کے ساتھ رفاقت حسین تیسرے نمبر پر رہے، سینیئر امیچرز میں میجر قاسم قریشی اور لیڈیز امیچرز میں ثاقبہ بتول فاتح رہیں۔
وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے گولفرز میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کہا کہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے ذریعے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ نوجوانوں کو گالف اور دیگر کھیلوں کی تربیتی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔