ایزی پیسہ اکاؤنٹس جو صارف کے موبائل نمبر کے ساتھ اسی شناختی کارڈ سے منسلک نہیں ہیں، انہیں بند نہیں کیا جائے گا۔
08 اکتوبر ، 2024
پاکستان میں کچھ سوشل میڈیا صارفین ایک گرافک شیئر کر رہے ہیں جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مرکزی بینک کی نئی ہدایات کے مطابق اگر ایزی پیسہ اکاؤنٹس صارفین کے سیل فون نمبروں کے ساتھ ان کے شناختی کارڈ نمبروں سے منسلک نہیں ہیں تو انہیں بند کر دیا جائے گا۔
ایزی پیسہ ایک مقبول آن لائن ادائیگی کی ایپ ہے جو پاکستان میں بڑے پیمانے پر استعمال کی جاتی ہے، ان دعوؤں سے اس سروس کے کچھ صارفین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ایک صارف نے 30 ستمبر کو X (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا”ایزی پیسہ اکاونٹ ہولڈرز متوجہ ہوں،
اسٹیٹ بینک کی ہدایت کے مطابق، اگر آپ کا ایزی پیسہ اکاؤنٹ اور موبائل نمبر ایک ہی CNIC پر رجسٹرڈ نہیں ہیں تو آپ کا اکاؤنٹ 30 ستمبر 2024 کو بلاک کر دیا جائے گا،
زیادہ سے زیادہ شیئر کریں ۔ “
اس تحریر کےشائع ہونے تک اس پوسٹ نے 12ہزار سے زیادہ مرتبہ دیکھا اور 60 دفعہ ری پوسٹ کیا جا چکا ہے۔
اس سے ملتے جلتے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے۔
ایزی پیسہ اکاؤنٹس جو صارف کے موبائل نمبر کے ساتھ اسی شناختی کارڈ سے منسلک نہیں ہیں، انہیں بند نہیں کیا جائے گا۔ مرکزی بینک کی جانب سے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔
نٹ شیل کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈجو ایزی پیسہ کی پبلک ریلیشنز کی ذمہ دار ہے، کی ٹیم نے جیو فیکٹ چیک کوٹیلی فون پر بتایا کہ یہ آن لائن دعوے ”مکمل طور پر جعلی “ ہیں۔
ٹیم نے ایزی پیسہ کی جانب سے جاری کردہ ایک آفیشل بیان بھی شیئر کیا جس میں ان دعوؤں کی تردید کی گئی ہے۔
ایزی پیسہ نے یہ بیان 30 ستمبر کو اپنے آفیشل X اور فیس بک اکاؤنٹس پر شیئر کیا،جس میں کہا گیا”سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر ایزی پیسہ اکاؤنٹس کی بندش یا سروس میں خلل کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں،تمام ایزی پیسہ اکاؤنٹس مکمل طور پر فعال ہیں اور ہماری سروسز بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔ “
یہ بیان یہاں اور یہاں پڑھا جا سکتا ہے:
اس کے علاوہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان نور احمد نے بھی جیو فیکٹ چیک سے ٹیلی فون پر تصدیق کی کہ برانچ لیس بینکنگ(branchless banking) کے بارے میں ان کی جانب سے ایسی کوئی پالیسی ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
برانچ لیس بینکنگ اکاؤنٹ کھولنے کے لیے ضروریات، جیسا کہ ٹرانزیکشن کی حد وغیرہ، اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں اور انہیں صفحہ 7 پر یہاں پڑھا جا سکتا ہے:
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔