08 اکتوبر ، 2024
ایک چھوٹے طیارے میں سفر کرتے ہوئے پرواز کے دوران پائلٹ کو ہارٹ اٹیک کا سامنا ہو تو آپ کیا کریں گے؟
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر امریکا میں ایک عام خاتون نے ایسی صورتحال میں طیارے کو کامیابی سے زمین پر اتار لیا۔
یہ طیارہ ریاست Nevada سے کیلیفورنیا کے علاقے مونٹیری جا رہا تھا جب پائلٹ ایلیٹ آلپر کو میڈیکل ایمرجنسی کا سامنا ہوا۔
پائلٹ کی اہلیہ یوونی کینیانی ویلز اس وقت وہاں موجود تھیں مگر انہوں نے کبھی طیارہ اڑانے کی تربیت حاصل نہیں کی تھی۔
جب شوہر کو ہارٹ اٹیک کا سامنا ہوا تو انہوں نے گھبرانے کی بجائے ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا تاکہ طیارے کو اتارنے کے لیے رہنمائی حاصل کرسکیں۔
ایک ائیر ٹریفک کنٹرولر نے خاتون کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کوشش کریں کہ طیارے کو 6 ہزار فٹ بلندی پر رکھنے کی کوشش کریں۔
ائیر ٹریفک کنٹرولر نے پھر خاتون کو بتایا کہ طیارے کا رخ کس طرح بدلیں اور اسے کیسے لینڈ کیا جائے۔
یہ 2 انجنوں والا بیچ کرافٹ کنگ ائیر 90 طیارہ تھا۔
ان تمام ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خاتون کے طیارے کو کامیابی سے کیلیفورنیا کے علاقے بیکر فیلڈ کے ائیرپورٹ پر اتار لیا۔
جب فائر ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم وہاں پہنچی تو انہوں نے پائلٹ کو بے ہوش پایا اور گاڑیوں کی مدد سے طیارے کو ایک خالی رن وے پر منتقل کیا گیا۔
پائلٹ کو اسپتال لے جایا گیا، مگر اس کی حالت کے بارے میں ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2 انجنوں والے طیارے کا پائلٹ طبی ایمرجنسی کے باعث بے ہوش ہوگیا تو ایک مسافر نے اسے میڈوز فیلڈ ائیر پورٹ پر لینڈ کیا۔