09 اکتوبر ، 2024
انگلش بیٹر جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 35ویں سینچری بنائی، اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس اننگز کے دوران انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے والے بیٹر کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔
ان سے پہلے یہ ریکارڈ بائیں ہاتھ کے بیٹر الیسٹر کُک کے نام تھا، جنہوں نے انگلینڈ کے لیے 2006سے 2018 کے دوران 161ٹیسٹ کی 291 اننگز میں 12472رنز 45.35کی اوسط سے بنائے تھے۔
جس میں الیسٹر کُک کی 33 سنچریاں اور 57نصف سنچریاں شامل تھیں۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹرز میں اب پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
یارکشائر کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والے جو روٹ نے دسمبر 2012 میں پہلا ٹیسٹ ناگپور میں بھارت کے خلاف کھیلا تھا۔
پہلی اننگز میں روٹ نے 73 اور دوسری اننگز میں ناٹ آوٹ 20 رنز بنائے تھے۔
30دسمبر 1990 کو پیدا ہونے والے جوزف ایڈورڈ روٹ کے کیریئر کا ملتان ٹیسٹ 147واں ٹیسٹ ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا اگلا ہدف 13ہزار رنز تک رسائی ہے۔