09 اکتوبر ، 2024
روس نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ مجوزہ فٹبال میچ منسوخ کر دیا ہے، یہ میچ اکتوبر کے دوران بین الاقوامی فٹبال ونڈو میں 11 تاریخ کو کھیلا جانا تھا۔
روسی فٹبال یونین نے میچ کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات اور وقت کی کمی کے باعث یہ میچ منعقد نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن پہلے ہی وقت کی کمی کے باعث میچ سے معذرت کر چکی تھی۔ فیڈریشن کے انکار کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنی طرف سے ایک ٹیم روس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
اسپورٹس بورڈ نے اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی تھی اور اس ٹیم کے سفری انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے تھے۔
تاہم، اس ٹیم کو پاکستان کی قومی ٹیم کا درجہ حاصل نہیں تھا کیونکہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس ٹیم کو منظوری نہیں دی تھی۔
ذرائع کے مطابق روسی فٹبال حکام نے آج دوپہر میچ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اس بارے میں مطلع کر دیا گیا۔
اس سے قبل اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے توسط سے پاکستان اسپورٹس بورڈ ٹیم تشکیل دے چکا تھا جس میں پاکستان فٹبال ٹیم کی نمائندگی کرنے والے چند پلیئرز بھی شامل تھے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفین کونسٹنٹائن قومی ٹیم سے وابستہ پلیئرز کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تحت ہونیوالے میچ میں شرکت کی اجازت دینے کے حق میں نہ تھے۔