Time 09 اکتوبر ، 2024
دنیا

معروف بھارتی بزنس مین رتن ٹاٹا تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل

معروف بھارتی بزنس مین رتن ٹاٹا تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل
فوٹو: فائل

بھارت کے معروف کاروباری گروپ ٹاٹا کے سربراہ رتن ٹاٹا اسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق رتن ٹاٹا ممبئی کے ایک اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔

86 سالہ رتن ٹاٹا پیر کے روز اسپتال میں داخل ہوئے تھے، اس وقت انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بڑھتی عمر  اور اس سے متعلق طبی مسائل کے باعث ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جانے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹاٹا خاندان کے نمائندے نے اس حوالے سے سوالات کا جواب نہیں دیا جبکہ اس معاملے کی آگاہی رکھنے والے ذرائع نے بھی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

رتن ٹاٹا بھارت کے صنعتی شعبے کی ایک جانی مانی شخصیت ہیں، وہ 1991 میں گاڑیوں اور اسٹیل کی صنعت سے منسلک ٹاٹا گروپ کے چیئرمین بنے تھے اور وہ 2012 تک اس منصب پر فائز رہے۔

 اس دوران انہوں نے ٹاٹا گروپ کو وسعت دیتے ہوئے دیگر شعبوں میں بھی کاروبار کا آغاز کیا، انہی کی قیادت میں ٹاٹا موٹرز نے ایک ایسی گاڑی بھی متعارف کروائی جسے دنیا کی سستی ترین گاڑی کہا گیا۔

2012 میں ٹاٹا گروپ کے چیئرمین کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد انہیں ٹاٹا سنز، ٹاٹا انڈسٹریز، ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا اسٹیل اور ٹاٹا کیمیکلز کا چیئرمین ایمیریٹس بنایا گیا۔

مزید خبریں :