فیکٹ چیک: ڈرامہ برزخ کی اقساط کو متنازعہ مواد کے سبب عالمی سطح پر YouTube سے ہٹا دیا گیا؟

ٹیلی ویژن سیریز برزخ کی اقساط کو صرف پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹایا گیا ہے، جبکہ یہ باقی ممالک میںYouTube پر ابھی بھی موجود ہیں۔

ایک وائرل فیس بک پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈرامہ سیریز برزخ کے پروڈیوسرز نے اس کے مواد کے حوالے سے کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی طرف سے ناراضگی ظاہر کئے جانے کے بعد 9 اگست کو یوٹیوب سے اس کی تمام 6اقساط ہٹا دیں۔

یہ دعویٰ گمراہ کن ہے، اس ڈرامے کو صرف پاکستان میں YouTube سے ہٹایا گیا ہے۔

دعویٰ

6 اگست کو ایک فیس بک صارف نے ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ اس کی طرف سے برزخ کے مواد پر ایک تنقیدی کلپ شیئر کرنے کے بعد چینل اپنے صارفین سے معافی مانگنے پر مجبور ہو گیا اور اسے یوٹیوب سے یہ ڈرامہ سیریز ہٹانا پڑی۔

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 2 لاکھ 99 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جبکہ اسے 15ہزار سے زیادہ بار شیئر کیا گیا۔

حقیقت

ٹیلی ویژن سیریز برزخ کی اقساط کو صرف پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹایا گیا ہے، جبکہ یہ باقی ممالک میںYouTube پر ابھی بھی موجود ہیں

فواد خان اور صنم سعید کی اداکاری پر مشتمل ڈرامہ سیریز برزخ پہلی بار پاکستان میں جولائی میں نشر ہوا۔

اس شو کی پروڈیوسر شیلجا کیجریوال نے جیو فیکٹ چیک کو ایک تحریری جواب میں اس بات کی تصدیق کی کہ اس ڈرامہ کی اقساط کو ”صرف پاکستان میں یوٹیوب سے ہٹایا گیا ہے۔“

6 اگست کو بھارتی تفریحی چینل زی زندگی(Zee Zindagi) نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اس بات کا اعلان کیا کہ وہ مواد پر ہونے والی تنقید کی وجہ سے اپنی مقبول سیریز برزخ کو پاکستان میں یوٹیوب سے 9 اگست کو ہٹا دے گا۔

فیکٹ چیک: ڈرامہ برزخ کی اقساط کو متنازعہ مواد کے سبب عالمی سطح پر YouTube سے ہٹا دیا گیا؟
@zindagiofficial کی انسٹاگرام پوسٹ کا اسکرین گریب

اس دعویٰ کی حقیقت جاننے کے لئے جیو فیکٹ چیک نے بھارت میں فیکٹ چیک کرنے والی ایک انڈپینڈنٹ (خودمختار) ویب سائٹ آلٹ نیوز کے ایک سینئر صحافی اور فیکٹ چیکر ابھیشیک کمار سے بھی رابطہ کیا، جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ برزخ ڈرامہ کی تمام 6 اقساط بھارت میں قابل رسائی ہیں۔ ابھیشیک کمار نے اس کی مزید تصدیق کے لئے یوٹیوب سے اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔

جیو فیکٹ چیک نے ناروے کے دارالحکومت اوسلو کے ایک سرکاری ٹیلی ویژن چینل نارویجن براڈکاسٹنگ کارپوریشن (NRK) کے ایک صحافی عطا انصاری اور جرمنی میں مقیم پاکستانی شاعر عاطف توقیر سے بھی بات کی۔ دونوں نے تصدیق کی کہ یہ ڈرامہ اب بھی ناروے اور جرمنی، دونوں ممالک کی یوٹیوب پر موجود ہے ۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔