Time 10 اکتوبر ، 2024
پاکستان

خیبر پختونخوا گرینڈ جرگہ، علی امین گنڈاپور نےکالعدم تنظیم سے بات کرنےکا اختیار مانگ لیا

پشاور:  خیبر پختونخوا گرینڈ جرگے میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور  نےکالعدم تنظیم کے ساتھ بات کرنےکا اختیار مانگ لیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں گرینڈ جرگہ ہوا جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے سربراہان اور نمائندگان نے شرکت کی۔ گورنر فیصل کریم کنڈی سمیت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی جرگہ میں شریک تھے۔

جرگے میں ایمل ولی، پروفیسر ابراہیم ، محسن داوڑ، میاں افتخار، محمد علی شاہ باچا اور سکندر شیرپاؤ سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے ۔

ذرائع کے مطابق گرینڈ جرگے میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نےکالعدم تنظیم کے ساتھ بات کرنے کا اختیار مانگ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذاکرات کے لیے دوسرے فریق کے ساتھ  زمین پر بیٹھنے کو بھی تیار  ہیں، اب تک جو کارروائی ہوئی اس پر  ریاست کی وجہ سے خاموش رہے، مزید کچھ ہوگا تو ان سے پوچھا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا کہ  آپ میزبانی کرلیں، مذاکرات پر ہمیں اعتراض نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ  وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ  جرگہ بنائیں گے جس میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی نمائندگی دی جائےگی، اس بات کو یقینی بنائیں گےکہ کالعدم تنظیم ریاست کے خلاف نہ جائے،کوشش ہوگی کہ کم سے کم وقت میں مسئلےکو حل کریں۔

مزید خبریں :